• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز کیخلاف بابر اعظم اننگز کا آغاز نہیں کرینگے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کےلیے نئے اوپنرز کو قومی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے بعد اب بابر اعظم کو بطور اوپننگ بلے باز نہ کھلانے کی اطلاعات ہیں۔ 

کریگ بریتھ ویٹ کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کےلیے پاکستان میں موجود ہے، ملتان میں پہلا ٹیسٹ 17 اور دوسرا ٹیسٹ 25 جنوری سے شروع ہوگا۔

2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کےلیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے 15 ارکان پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ٹیم میں 7 وہ کھلاڑی شامل نہیں جو دورہ جنوبی افریقہ میں ٹیم پاکستان کا حصہ تھے۔

دورہ جنوبی افریقہ میں بطور اوپنر منتخب ہونے والے عبداللّٰہ شفیق خراب فارم اور صائم اویب ٹخنے میں فریکچر کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کی سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ میں 29 سال کے بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق اور 22 سال کے دائیں ہاتھ کے اوپنر محمد ہریرہ کو منتخب کیا ہے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے محمد ہریرہ انگلینڈ کے خلاف بھی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے، انھوں نے 44 فرسٹ کلاس میچز میں 8 سنچریاں بنائی ہیں۔ دوسری جانب امام الحق ہیں، جنہوں نے 24 ٹیسٹ میں 3 سنچریوں کے ساتھ 1568 رنز بنا رکھے ہیں۔ 

اب سوال یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان ٹیم کی اننگز کی شروعات کون کرے گا؟ جنوبی افریقہ کے خلاف نیولینڈز کیپ ٹاؤن کے دوسرے ٹیسٹ میں صائم ایوب کے زخمی ہونے کے بعد پہلی اور دوسری اننگز میں کپتان شان مسعود کیساتھ سابق کپتان بابر اعظم نے اننگز کی شروعات کی تھیں۔

421 رنز کے خسارے کیساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری اننگز میں شان مسعود اور بابر اعظم نے 205 رنز کا آغاز پاکستان ٹیم کو فراہم کیا تھا۔

اب اطلاعات ہیں کہ سابق کپتان بابر اعظم کو ٹیم مینجمنٹ نے بطور اوپنر نہ کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 30 سالہ بابر نے جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 58 اور دوسری اننگز میں 81 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف 2 ٹیسٹ کی چار اننگز میں بابر اعظم نے 3 نصف سنچریوں کیساتھ 193 رنز بنائے تھے۔ 57 ٹیسٹ کی 104 اننگز میں بابر اعظم نے 44.10 کی اوسط سے 4190 رنز 9 نصف سنچریوں کی مدد سے اسکور کیے ہیں۔

ممکنہ طور پر سابق کپتان ویسٹ انڈیز کے خلاف نمبر تین پر بیٹنگ کرنے کے لیے آئیں گے۔ بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں 21 اننگز میں نمبر تین پر کھیلتے ہوئے 29.68 کی اوسط سے 564 رنز بنا چکے ہیں، جبکہ بطور بیٹر ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم نے بہترین پرفارمنسز نمبر چار پر پیش کی ہیں۔

بابر اعظم نے نمبر چار پر 52 ٹیسٹ اننگز میں 7 سنچریوں کیساتھ 2486 رنز 51.79 کی اوسط سے بنا رکھے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید