• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممکنہ سیکورٹی رسک، برطانوی حکام نے ایلون مسک کی سوشل میڈیا پوسٹوں کی مانٹیرنگ شروع کردی

لندن ( سعید نیازی ، جنگ نیوز) برطانوی سیکورٹی حکام نے نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ارب پتی مشیر ایلون مسک کی سوشل میڈیا پوسٹوں کی مانٹیرنگ شروع کردی ہے ۔ برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کے علاوہ دیگر کی پوسٹوں کو بھی ممکنہ سیکورٹی رسک کے طور پر مانیٹر کیا جارہا ہے۔ قومی سلامتی کودرپیش خطرات سے نمٹنے کی ذمہ ہوم لینڈ سیکورٹی ٹیم مسک کی پوسٹوں کی نگرانی کررہی ہے اور اس بات کاجائزہ لے رہی ہے کہ ان پوسٹوں کی پہنچ اورانگیج منٹ کہاں تک ہے،رپورٹ کے مطابق برطانوی منسٹر جیس فلپ کے خلاف ایکس کے مالک کی ایک پوسٹ کے بعدفلپ کومبینہ دھمکیوں کا سامنا ہے۔ خیال رہےکہ گزشتہ دنوں ایلون مسک نے برطانوی عوام کو ’ظالمانہ حکومت‘ سے آزادی دلوانے سے متعلق ایکس صارفین سے رائے طلب کی تھی۔ایلون مسک نے سوال اٹھایا کہ کیا امریکا کو برطانیہ کے عوام کو ان کی ’ظالمانہ حکومت‘ سے آزاد کرانا چاہیے؟ایلون مسک جو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر بھی ہیں، نے برطانوی حکومت کے حوالے سے سخت بیانات دیے ہیں جس سے فریقین کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ہوم آفس کے ترجمان کے مطابق اگرچہ ہم آپریشنل معاملات پر تبصرہ نہیں کرسکتے ہم معمول کے مطابق اوپن سورس مانٹیرنگ کا استعمال کرتے ہیں کہ آن لائن کیا شیئر کیا جارہا ہے اور اس پرکیاتبصرے ہورہے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ “نان سٹیٹ ایکٹرز” کی جانب سے درپیش چیلنجز سے نمٹا جائے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک نے اپنی ایک پوسٹ میں برطانوی منسٹر جیس فلپ کو “ریپ نسل کشی کو معافی دینے والا” قرار دیا تھا۔گھریلو تشدد اور خواتین پر تشدد کے خلاف مہم چلانے والے جیس فلپ کے مطابق مسک کی پوسٹ کے سبب انھیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ ایلون مسک کی ایکس پر فالورز کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ ہفتہ حکومت کی جانب سے گرومنگ گینگز سے متعلق نئی انکوائری کرانے کا مطالبہ تسلیم نہ کئے جانے پر ایلون مسک نے برطانوی حکومت پر تنقید کی تھی جس کے جواب میں وزیر اعظم سر کئیرسٹارمر نے کہا تھا کہ متاثرین کو انکوائری کی نہیں ،ایکشن کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق جھوٹ اور غلط معلومات پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا ۔گرومنگ گینگز کے سات سالہ انکوائری کے بعد 20 سفارشات میں سے اب تک ایک پر بھی عمل نہیں ہوا ہے ۔ہوم سیکرٹری یوویٹ کوپر تین سفارشات پر عمل کیلئے لائحۂ عمل کا اعلان پیر کو کریں گی۔ ایلون مسک کی تعریف کرنے والے ریفارم یوکے کے ایم پی روپرٹ لو نے ہوم آفس سے جواب مانگ لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہوم آفس بتائے کہ ایلون مسک کی کیوں اور کتنی پوسٹوں کی چھان بین کی جارہی ہے اور ان پر ٹیکس ادا کرنے والوان کا کتنا پیسہ خرچ ہوا ہے روپرٹ لو نے کہا کہ مسک کی آن لائن جاسوسی اور عصمت دری کرنے والے ہزاروں غیر ملکیوں کے خلاف انکوائری نہ کرنا افسوسناک ہے۔

یورپ سے سے مزید