• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کی پرواز کی ساڑھے چار سال بعد پیرس آمد، ائیرپورٹ پر شاندار استقبال، کمیونٹی کا اظہار مسرت

پیرس/ لندن(رضا چوہدری/اورنگزیب چوہدری) پاکستان انٹرنیشنل ائر لا ئن ’’ پی آئی اے ‘‘کی پرواز چارلس ڈی گال (سی ڈی جی) ایئرپورٹ پیرس پہنچی۔ پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنزکا ساڑھے4 سال بعد یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال ہوگیا، پہلی پرواز اسلام آباد سے مسافروں کو لے کر پیرس پہنچی تو ائرپورٹ پر موجود پاکستانی کمیونٹی کا جوش اور خوشی دیدنی تھی۔ برطانیہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت صدر فرینڈ آف اخوت برطانیہ و یورپ چوہدری افتخار بھی پرواز کے استقبال کیلئے پیرس ائرپورٹ پہنچے تھے۔ پرواز پی کے749میں323 مسافر سوار تھے۔ پیرس ہوائی اڈے پر مسافروں، پی آئی اے اور ایوی ایشن کے حکام اور عملے کے ارکان کافرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے سیاسی وسماجی رہنماؤں ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ صدر یورپ پی پی پی، ن لیگی رہنماؤں چوہدری ریاض بھاپا، راجہ محمد علی، چوہدری تصور تارڑ، سلطان محمود، چوہدری شہباز کسانہ، راجہ اشفاق آحمد، چوہدری تاج دین سکھیرا، چوہدری فیصل سعید، یوتھ کے صدر اصغر خان، نعیم چوہدری، راجہ علی اصغر کے ہمراہ چارج ڈی افیئرز حذیفہ خانم، پریس کونسلر سنجیلہ، اسٹیشن منیجر رضوان اور پی آئی اے کے افسروں عملہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ چارج ڈی افیئرز حذیفہ خانم نے سب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی طرف سے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بہترین تحفہ ہے۔ پروازوں کی بحالی سے پاکستان، فرانس اور یورپی یونین کے درمیان تجارت، سیاحت، کاروبار کے فروغ اور عوام سے عوام کے تبادلے کے ذریعے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے سی ای او اے وی ایم عامر حیات نے کہا کہ پی آئی اے ہفتے میں دو بار پیرس سے اسلام آباد کے لیے پروازیں چلائے گی- ہر جمعہ اور اتوار کو پاکستان اور فرانس کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور فرانس کے درمیان پہلی براہ راست پرواز1966 میں شروع ہوئی۔ اس موقع پر ائر فرانس کے نمائندے نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشی کا دن ہے اور دوطرفہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ اس موقع پر پیرس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بھاری تعداد میں ائرپورٹ پر پہنچی تھی جنہوں نےجیو وجنگ سے گفتگو کرتے ہوئے نیک جذبات خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر حکام کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسلام آباد سے براہ راست پرواز کے ذریعے پیرس پہنچنے والے مسافر کم سفری وقت اور معیاری سروس کی وجہ سے بہت خوش تھے۔ اس موقع پر سی ڈی جی نے راجہ محمد علی کی طرف تیار کرایا گیا کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سفارتخانے کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔

یورپ سے سے مزید