• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے خدمات کی اعلیٰ مثال قائم کرے گی، بیرسٹر امجد ملک

مانچسٹر(ہارون مرزا) طویل قانونی جنگ لڑنے کے بعد یورپ کیلئے پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع ہونے پر تارکین وطن نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز پیرس میں پہلی فلائٹ لینڈ ہونے پر مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداران اورکارکنا ن نے اوورسیز پاکستانیوں کے ہمراہ اپنے ہم وطنوں کا شایان شان استقبال کیا ۔پہلی فلائٹ پر سفر کرنیوالے اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیرس اوربرطانیہ سمیت مختلف یورپی ممالک میں مقیم اوورسیز پاکستانی پی آئی اے پرپابندیوں کے باعث دیگر ائیر لائنز کے ہاتھوں بلیک میل ہوتے رہے مگر سفر کیلئے اب ان کی پہلی ترجیح پی آئی اے ہی ہوگی ۔ او پی سی کے وائس چیئرمین مسلم لیگ کے انٹرنیشنل افیئر کے صدر بیرسٹر امجد ملک نے ایک طویل عرصہ کے بعد پی آئی اے کی پیرس فلائٹ شروع ہونے پر اوورسیز پاکستانیوں کے علاوہ وزیراعظم میاںمحمد شہباز شریف ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی ہے جن کی انتھک کاوشوں سے یورپی ممالک کے لیے پی آئی اے کو اڑان کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے مسافروں کو بہترین سروس ،مشرقی کھانے اور خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کرے گی۔۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ ایک شخص کی غلطی کی سزا پوری قوم نے بھگتی ہے مگر ن لیگ نے شب وروز کاوشیں کر کے کھویا ہوا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔پی آئی اے وفات پا جانیوالے اوورسیز پاکستانیوں کی میت مفت واپس لے جاتی ہے جبکہ دیگر ائیر لائنز وزن کے حساب سے چارج کرتی ہیں ۔مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں اووسیز پاکستانیوں کی محسن جماعت ہے جس نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے ۔
یورپ سے سے مزید