برسلز (حافظ اُنیب راشد)2024کے دوران بلجیم کے کسٹم افسران نے ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ اینٹورپ سے44ٹن کوکین پکڑی ہے۔ یہ بات بلجیم کے کسٹمز کے ایڈمنسٹریٹر جنرل کرسٹیان وانڈرویرین نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ پکڑی گئی منشیات کی مقدار 2023میں پکڑی گئی121ٹن منشیات کے مقابلے میں نمایاں کم ہے۔ کسٹم حکام نے ایکسٹیسی اور ایمفیٹامائن جیسی سینتھیٹک (مصنوعی) نشہ آور ادویات میں اضافے سے بھی خبردار کیا ہے جو گزشتہ سال2.1ٹن کی مقدار میں پکڑی گئی تھیں۔ کسٹم حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے عرصے کے دوران ہیروئن کی ضبطی 233کلو گرام تک گر گئی جس کی ایک وجہ افغانستان میں طالبان کی طرف سے نافذ کردہ منشیات کی سخت پالیسیاں ہو سکتی ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر جنرل نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں پکڑی جانے والی مقدار میں کمی آ رہی ہے لیکن یہاں پر روکے جانے والی کنسائنمنٹس کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام کے مطابق اینٹورپ میں کوکین کےمقدار میں کمی کے باوجود لاطینی امریکی سپلائی کے راستے پہلے ہی کی طرح مضبوط نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے جنوبی امریکہ کے منشیات کی تجارت کے لیے ایک اعلیٰ مقام کے طور پر اینٹورپ کے بطور راہداری مسلسل استعمال کرنے والےکردار پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسمگلر دیگر مواد میں کوکین چھپانے کے لیے کیمیائی عمل کا استعمال کرتے ہوئے جدید حربوں کو اپنا رہے ہیں جس سے پتہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ بدلتے ہوئے منظر نامے کا مقابلہ کرنے کے لیے بلجیم کی کسٹم سروس نے ایکواڈور، برازیل، پاناما اور پیرو جیسے ممالک کے ساتھ بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط کیا ہے اور وہاں کے کچھ ممالک میں اب ہمارے نمائندے بھی ہیں۔ اسی دوران بلجیم کے نائب وزیراعظم ونسنٹ وان پیٹگیم نے منشیات کے خلاف جنگ میں وفاقی سرمایہ کاری کو جاری رکھنے پر زور دیا ہے جس میں موبائل سکینر جیسے جدید آلات کا استعمال بھی شامل ہے۔