• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانس روک کر سوئمنگ پول میں طویل چہل قدمی کا نیا ورلڈ ریکارڈ

فوٹو بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈز
فوٹو بشکریہ گنیز ورلڈ ریکارڈز

ایک آسٹریلوی غوطہ خور نے سوئمنگ پول کے نیچے 370 فٹ پانی کے اندر طویل چہل قدمی کر کے ایک نیا ورلڈ ریکارڈ بنا لیا۔

آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ سے تعلق رکھنے والی غوطہ خور ایمبر برک نے ایک ہی سانس میں ایک امریکی فٹ بال کے میدان کی لمبائی سے بھی زیادہ چل کر پانی کے اندر سب سے طویل چہل قدمی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کے آفیشل انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ایمبر برک جسم کو 90 ڈگری کے زاویے پر رکھے سوئمنگ پول کے نچلے حصّے پر چلتے ہوئے نظر آ رہی ہیں۔

وہ سوئمنگ پول میں چلتے ہوئے چند بار لڑکھڑائیں بھی لیکن خوش قسمتی سے لڑکھڑانے کے باوجود بھی چلتی رہیں۔

ایمبر برک نے بتایا کہ میں ایک فری ڈائیونگ انسٹرکٹر ہوں اور 10 سال سے زائد عرصے سے فری ڈائیونگ کر رہی ہوں۔ 

اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں یہ ریکارڈ اپنی کامیابی کے احساس، اپنے خواب کو پورا کرنے اور آسٹریلوی میرین کنزرویشن سوسائٹی کے لیے رقم اکٹھا کرنے کے لیے بنانا چاہتی تھی۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو بہت پسند کیا جا رہا ہے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ سوئمنگ پول میں یوں چلنا بالکل ایسا ہے جیسے انسان سوتے ہوئے خواب میں بھاگ رہا ہو۔

سوشل میڈیا صارفین یہ ریکارڈ بنانے میں کامیابی حاصل کرنے پر ایمبر برک کی تعریفیں کرتے بھی نظر آ رہے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید