چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کو یادگار بنانے کےلیے تیار ہیں۔
لاہور میں پی سی بی آفیشلز کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرکے تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں پی سی بی کے اہم آفیشلز نے شرکت کی، اس میٹنگ کا مقصد 5 مینٹورز کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق اجلا س میں مینٹورز کی اب تک کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ کم درجے کی کارکردگی کے حامل مینٹورز کو بدلنےکا آپشن بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مینٹورز کی سیزن میں پہلی مرتبہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے، غیر تسلی بخش کارکردگی والے مینٹورز کی جگہ نئے مینٹورز لائے جاسکیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم کے دورے کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو یادگار بنانے کےلیے تیار ہے۔ ایونٹ کےلیے اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام رواں ماہ مکمل ہوجائے گا۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت سیالکوٹ اسٹیڈیم نہیں بناتی تو بزنس کیمونٹی شامل ہوجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی اور پی سی بی مل کر سیالکوٹ میں عالمی معیار کا اسٹیڈیم بنائیں گے۔