بھارتی اداکارہ روپل تیاگی نے خوفناک آتشزدگی سے قبل لاس اینجلس میں ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی وی اداکارہ روپل تیاگی حالیہ لاس اینجلس کی تباہ کن جنگلاتی آگ سے بحفاظت واپس لوٹ آئی ہیں۔ وہ چند مہینے امریکی شہر میں گزارنے کے بعد بھارت لوٹی ہیں۔ انہوں نے اپنے وطن لوٹنے کیلئے دوران فلائٹ آسمان میں دھوئیں کے بادلوں کو اٹھتے دیکھا تھا تاہم انہیں اس کی تباہی کی شدت کا احساس ممبئی پہنچنے کے بعد ہوا۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے روپل تیاگی نے کہا کہ وہ ان علاقوں میں چند دن پہلے ہی گئی تھیں جو اب خاک میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خشک موسم کی وجہ سے جنگلاتی آگ ان کےلیے عام بات ہے، لیکن کسی نے نہیں سوچا تھا کہ یہ اتنی شدید ہو جائے گی۔‘
اداکارہ نے بتایا، ’میں نے اپنی فلائٹ کے دوران دھوئیں کے بادل دیکھے اور سوچا کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔ جب میں ممبئی پہنچی تو معلوم ہوا کہ آگ نے ہر چیز کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ یہ مناظر دیکھ کر دل ٹوٹ جاتا ہے۔‘
روپل نے مزید بتایا کہ پرواز سے پہلے وہ اسی سڑک پر گاڑی چلا رہی تھیں اور ہالی ووڈ سائن کے علاقے کا دورہ کیا تھا، جو آگ سے بری طرح متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے لاس اینجلس میں اپنے شاندار وقت کو یادگار بنانے کے لیے کچھ تحائف خریدے تھے، لیکن اب جب بھی میں انہیں دیکھتی ہوں، دل میں ایک دکھ سا ہوتا ہے۔
اداکارہ نے اس واقعے کو زندگی کی غیر یقینی حقیقت کا ایک اور سبق قرار دیتے ہوئے کہا، ’ذرا تصور کریں، ایک خوشحال شہر ایک دن میں جل کر خاک ہو جائے، یہ ناقابل یقین ہے۔‘
انہوں نے کہا، ’زندگی کتنی غیر متوقع ہے اور یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر دن کو مکمل طور پر جینا چاہیے۔ ہم نہیں جانتے کہ کل کیا ہونے والا ہے۔ میں امید کرتی ہوں کہ جن لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، وہ جلد اپنی زندگی کو دوبارہ تعمیر کر سکیں۔‘
خیال رہے کہ لاس اینجلس میں لگنے والی خطرناک آگ سے کم از کم 16 افراد ہلاک اور 12 ہزار سے زیادہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔