• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھر میں بچوں کی شرح اموات کی خبروں کو زیادہ اچھالا جاتا ہے، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری : فوٹو اسکرین گریپ
بلاول بھٹو زرداری : فوٹو اسکرین گریپ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تھر میں بچوں کی شرح اموات کی خبروں کو زیادہ اچھالا جاتا ہے۔

 ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں بچوں کی شرح اموات میں بہت واضح کمی آئی ہے۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا نے اپنی رپورٹ میں شرح اموات میں کمی کو تسلیم کیا ہے، سندھ میں بچوں کی شرح اموات 1.2 فیصد ہے جبکہ دیگر صوبوں میں 1.4 فیصد ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کی 106 تحصیلوں میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جو سفر سندھ نے شروع کیا ہے وہ دوسرے صوبوں کیلئے ایک مثال ہے، 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو صحت کے اداروں کو سنبھالنے کی ذمہ داری دی گئی، این آئی سی وی ڈی کا بہترین نیٹ ورک اور گمبٹ انسٹیٹیوٹ 18ویں ترمیم کی بدولت ممکن ہوا۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ صوبہ سندھ نے 15 سال پہلے بہت سے اقدامات کیے، آج میں نے سول اسپتال میں موجود کنٹرول روم کا معائنہ کیا، ارجنٹ کیئر سینٹرز کا نیٹ ورک قائم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ محترمہ بےنظیر بھٹو نے متعارف کروائی تھی، فخر سے کہتا ہوں کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں سندھ وفاق کو پیچھے چھوڑ رہا ہے، صحت کے شعبے میں وسائل کی کمی بھی ہوتی ہے، سندھ کو ہمیشہ وفاق سے وسائل کی کمی کا سامنا ہے، ہم لوگوں کی جانیں بچا رہے ہیں اس سے بہتر کیا ہو سکتا ہے۔

اپنے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ اور سول اسپتال کے ایمرجنسی رومز کی تازہ اور پرانی تصویریں دکھا دیں۔

قومی خبریں سے مزید