حیدرآباد (بیورو رپورٹ)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہاہے کہ ایم کیو ایم اور پی پی پی کے درمیان نورا کشتی چل رہی ہے‘ جمہوریت کو اتنا بدنام کر دیا گیا ہے کہ کرپشن کو جمہوریت کہا جارہا ہے ‘صوبائی حکومت اور رینجرز کے درمیان اختلافات چل رہے ہیں‘سندھ حکومت رینجرز اختیار ات کے معاملے پر کچھ دواور کچھ لوکی بات کررہی ہے‘سندھ میں بدامنی کی بڑی وجہ پولیس کے نظام کا سیاسی ہوجانا ہے‘ جہاں دہشت گردی ہے وہاں رینجرز کو اختیار ملنا چاہئے۔وہ قاسم آباد میں پارٹی کی ممبر سازی مہم کے موقع پر نسیم نگر چوک پر قائم کیمپ میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔سید جلال محمود شاہ نےکہاکہ ہر بار مراعات لے کر کرپٹ طبقے کو بچانے کی کوشش کی جاتی ہے ہم سمجھتے ہیں اگر ایک بار پھر کرپٹ لوگوں کو چھوڑدیا گیاتو یہ ایک نیا این آر او ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں جو اقتدار میں آنے کے بعد ایک دوسرے کا تحفظ کرتے ہیں ‘ دونوں جماعتیں ایک نیا این آر او کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کرپٹ لوگوں کو بچایا جاسکے۔