سفارت خانۂ پاکستان کے 4 رکنی وفد نے ناظم الامور سید فراز زیدی کی قیادت میں یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرپرسن ڈیوڈ میک کلسٹر سے ملاقات کی ہے۔
سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں جو موضوعات زیرِ بحث آئے ان میں پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعلقات اور تعاون کو گہرا کرنے کے مزید طریقوں کے علاوہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے دیگر معاملات شامل تھے۔
دوسری جانب سفارت خانۂ پاکستان برسلز کے ناظم الامور سید فراز حسین زیدی کے مطابق خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ کے ساتھ وفد کی ایک انتہائی خوش گوار اور گرمجوشی سے ملاقات ہوئی جس میں عالمی اور علاقائی سیاسی منظر نامے پر مکمل اور واضح بات چیت کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان، یورپین پارلیمنٹ اور یونین کے دیگر اداروں کے ساتھ ہماری مسلسل مثبت مصروفیت کے منتظر ہیں۔
اس ملاقات میں سفارت خانے کی جانب سے آنے والے وفد میں سید فراز زیدی کے ساتھ اکنامک منسٹر عمر حمید، قونصلر محمد عدیل اور قونصلر اسد اعوان بھی شریک تھے۔