• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی سرکاری ملازمین کے معاشی قتل کے کسی اقدام کا حصہ نہیں بنے گی: سردار سلیم حیدر خان

رہنما پی پی پی سردار سلیم حیدر خان---فائل فوٹو
رہنما پی پی پی سردار سلیم حیدر خان---فائل فوٹو 

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاسکو ختم کرنا سراسر زیادتی ہے، زراعت کا پورا شعبہ متاثر ہو گا، پیپلز پارٹی سرکاری ملازمین کے معاشی قتل کے کسی اقدام کا حصہ نہیں بنے گی۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاسکو اسٹاف یونین کے وفد کی زاہد ذوالفقار کی قیادت میں ملاقات ہوئی۔

گورنر پنجاب نے پاسکو وفد کو وزیرِ اعظم اور صدر سے بات کر کے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

وفد سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نوکریاں دیں، کبھی نوکریاں چھینی نہیں، پیپلز پارٹی شہید بھٹو اور شہید بینظیر کے وژن کے مطابق ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے، پاسکو کو ختم کرنے سے 3000 ملازمین سمیت کسانوں اور کاشتکاروں کا نقصان ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاسکو کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی، پاسکو نقصان میں بھی نہیں، اپنا ریونیو خود پیدا کرتے ہیں، حکومت کو بھی دیتے ہیں، حکومت نے 3 ہزار 900 کا اعلان کر کے گندم 2 ہزار 600 روپے من کی بھی نہیں لی۔

گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ گندم مارکیٹ میں 2100, 2200 روپے من بکتی رہی، یہی پالسی رہی تو اگلے سال ملک میں گندم سے متعلق مشکل صورتحال ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید