پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری اطلاعات نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
شیخ وقاص نے اپنے مؤقف میں کہا کہ یہ بری کیے جانے کا کیس تھا، اس میں سزا بنتی ہی نہیں تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔
راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں بانیٔ پی ٹی آئی کو 14 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
علاوہ ازیں بانیٔ پی ٹی آئی کو 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔
عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم بھی دیا ہے۔