پیرس (رضا چوہدری /نمائندہ جنگ) ن لیگ یورپ کے سینئر رہنما تصور حسین تارڑ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت پانامہ سازش سے ختم نہ ہوتی تو پاکستان ایشیا کا ترقی یافتہ ملک بن چکا ہوتا، آئیں ہم ملکر نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں۔ وہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اورسیز پاکستانیوں کو اپنے ملک ملکی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بات نہیں کرنی چاہئے دیار غیر میں ہم سب ایک ہیں اور پاکستان ہمارا نشان اور ریڈ لائن ہے۔ اس موقع پر ن لیگ سینئر رہنما سید خالد جمال شاہ نے کہا کہ ہم وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے شکر گذار ہیں جنہوں نے کوشش کرکے قومی ایر لائین کی یورپ کی پروازیں بحال کرائی ہیں۔ انہوں پاک فرانس بزنس فورم کے چیرمین سینئر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ظہور اقبال کی اس سلسلہ کاوشوں کو سراہا تے ہوئے ان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر فورم پر پی آئی اے بحال کیلئے آواز بلند کی۔ اس موقع پر پی آئی اے کے اعلی افسران اور سفارت خانہ کے سینئر کونسلٹ کاشف جمیل نے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کی بحالی کو اورسیز کیلئے بہت بڑی سہولت قرار دیا۔