• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس نے رہائی پانے والی اسرائیلی قیدیوں کو ’گُڈی بیگز‘ کیساتھ رخصت کیا

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے 3 اسرائیلی اسیران جبکہ اسرائیل نے اتوار کو 90 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے 3 اسرائیلی قیدی خواتین کو رہائی کے دوران ’گڈی بیگز‘ پیش کیے جن میں مزاحمتی گروپ کے ساتھ گزارے گئے وقت کی یادگار تصاویر، غزہ کی تصویر اور ایک سرٹیفکیٹ موجود تھا۔

یاد رہے کہ اتوار کے روز غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد کے پہلے مرحلے میں حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین کو رہا کرنے کے بعد ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا۔

ان اسرائیلی خواتین میں 28 سالہ ایملی دماری، 24 سالہ رومی گونن اور 31 سالہ ڈورون اسٹین بریچر شامل تھیں جنہیں 7 اکتوبر 2023ء کو حراست میں لیے جانے کے بعد 15 ماہ تک غزہ میں قید رکھا گیا۔

حماس کی جانب سے جاری کردہ تصویروں میں تینوں خواتین کو بیگ اٹھائے ہوئے مسکراتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ان تینوں خواتین کو بظاہر اچھی صحت میں ریڈ کراس کی گاڑی میں سوار ہوتے دیکھا گیا تھا۔

اتوار کے روز حماس نے 3 اسرائیلی خواتین جبکہ اسرائیل نے 90 فلسطینیوں کو رہا کیا تھا۔

دوسری جانب مقامی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء سے غزہ پر اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ میں تقریباً 47,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

اس جنگ کے دوران 110,700 سے زیادہ افراد زخمی اور 11,000 سے زیادہ افراد لاپتہ ہوئے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کو انکلیو پر جنگ کے لیے عالمی عدالت انصاف میں نسل کشی کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید