کراچی ایئرپورٹ پر آوارہ کتوں کا آزادانہ مٹر گشت جاری ہے، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) مسافروں اور طیاروں کیلئے خطرہ بننے والے ان کتوں کو ایئرپورٹ سے دور رکھنے میں ناکام ہے۔
اتھارٹی کا موقف ہے کہ صوبائی حکومت کے قوانین آوارہ کتوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اس لیے انہیں مارا نہیں جا سکتا۔
گاڑیوں کے پیچھے دوڑتے یہ کتے اکثر پیدل چلنے والوں پر بھی بھونکتے دیکھے گئے ہیں، جناح ٹرمنل کی پارکنگ میں ریسٹورنٹ کے قریب بھی کتوں کی آمد ورفت رہتی ہے، اس سے پہلے ایئرپورٹ کے جنرل ایوی ایشن ایریا میں طیاروں کے قریب آوارہ کتے گھومتے دیکھے گئے ہیں۔
فلائٹ سیفٹی کے ماہرین کے مطابق کتوں کی ایئرپورٹ کے علاقے میں موجودگی انسانوں اور طیاروں کیلئے خطرناک ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اٹھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے لینڈ سائیڈ ایریا میں آوارہ کتوں کی موجودگی کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور کتے پکڑنے کیلئے ایدھی فاؤنڈیشن سے مدد مانگی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 3700 ایکڑ پر مشتمل کراچی ایئرپورٹ گنجان آباد علاقوں سے گھرا ہوا ہے۔ پی اے اے نے اپنی حدود میں صفائی کے لیے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں اور ضلعی انتظامیہ سے بھی آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے تعاون جاری ہے۔ تاہم صوبائی قانون آوارہ کتوں کو مارنے کی اجازت نہیں دیتا جس سے کتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔