• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کے جنید اکبر بلا مقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی منتخب


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر بلامقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی منتخب ہوگئے۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی نامزدگی کیلئے اجلاس ہوا جس میں ارکان نے شرکت کی۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلامیہ  میں کہا گیا کہ ایم این اے جنید اکبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے متفقہ چیئرمین منتخب ہوئے، طارق فضل چوہدری، عمر ایوب، شبلی فراز نے جنید اکبر خان کا نام تجویز کیا۔

ریاض فتیانہ، عامر ڈوگر، وجہیہ قمر، سردار یوسف زمان اور دیگر نے جنید اکبر کی تائید کی۔

اراکین کمیٹی نے جنید اکبر خان کو مبارکباد پیش کی،  جنید اکبر خان نے متفقہ طور پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) منتخب ہونے پر اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

کمیٹی ممبران نے جنید اکبر خان کو کمیٹی کو چلانے پر اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

نومنتخب چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے کہا کہ تمام اراکین کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

خیال رہے کہ  قومی اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چئیرمین شپ کیلئے کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا جو کہ بلا آخر حل ہوگیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید