• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں ایک دن میں 20 وکٹیں گرنے کا ریکارڈ بن گیا


پاکستان میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دن کے دوران 20 وکٹیں گرنے کا ریکارڈ بن گیا۔ 

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اسپن کیلئے سازگار وکٹ پر کھیلا جانے والا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ بیٹرز کےلیے ڈراؤنا خواب بن گیا۔ 

پہلے ویسٹ انڈیز کی ٹیم 163 رنز پر آل آؤٹ ہوئی جہاں پاکستان ٹیم کے اسپنرز نے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں جس میں نعمان علی کی تاریخی ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ 

اسپنرز کا جادو یہیں ختم نہیں ہوا، بلکہ پاکستان ٹیم مہمان ٹیم کے اسکور کو برابر تک نہ کرسکی اور پوری ٹیم 154 پر ڈھیر ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اس اننگز میں اسپنرز نے مجموعی طور پر 7 وکٹیں لیں۔ 

تاہم یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ہی ٹیموں کی ٹیسٹ کے پہلے ہی روز 10، 10 وکٹیں گرگئیں۔ یوں پاکستان میں کسی بھی میچ میں پہلی مرتبہ ایک دن میں سب سے زیادہ یعنی 20 وکٹیں گرنے کا ریکارڈ بن گیا۔ 

اس سے قبل پاکستان میں ایک دن میں سب سے زیادہ وکٹوں کے گرنے کی تعداد 19 تھی اور یہ ریکارڈ ملتان میں اسی سیریز کے پہلے میچ کے دوران دوسرے روز بنا تھا۔ 

واضح رہے کہ رواں سیریز سے قبل پاکستان میں سب سے زیادہ وکٹیں گرنے کا ریکارڈ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ملتان میں ہی 2004 میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے دوران بنا تھا۔ اس میچ کے دوسرے روز مجموعی طور پر 18 وکٹیں گری تھیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید