کیا بالی ووڈ کے سنجو بابا، سنجے دت 26 سال بعد پھر ’50 تولہ‘ پہننے کو تیار ہوگئے ہیں؟
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت 26 سال بعد فلم واستو کے دوسرے حصے کےلیے گینگسٹر راگھو کا روپ دھارنے کےلیے تیار ہیں۔
واستو 1999ء میں ریلیز ہوئی، جس میں سنجے دت نے گینگسٹر کے رول میں قابل تعریف پرفارمنس دی تھی، جسے مداح آج بھی یاد رکھے ہوئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مہیش منجریکر کی فلم واستو کا دوسرا حصہ طویل عرصے بعد بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی سنجو بابا نے کئی برس بعد ایک بار پھر گینگسٹر کا کردار نبھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
قریبی ذرائع کے مطابق واستو کے حوالے سے یہ بات بھی زیر بحث ہے کہ اسے کیوں نہ فرنچائز بنادیا جائے، اس کے دوسرے حصے میں امکان ہے کہ گینگسٹر ہیروز کی تعداد 2 ہو۔
بھارتی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ فی الحال واستو 2 کے حوالے سے اداکار اور نہ ہی فلم ساز کی طرف سے کوئی اعلان سامنے آیا ہے، ابھی صرف مہیش منجریکر اور سنجے دت کے درمیان اس پروجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے ہدایت کار فی الحال اس کے اسکرپٹ پر کام کررہے ہیں، وہ تکمیل پر اس کی کہانی سنجے دت کو سنائیں گے، جو پرجوش ہونے کے ساتھ تیار بھی ہیں۔
قریبی ذرائع نے مزید کہا کہ فلم واستو اپنے گزشتہ حصے تسلسل نہیں بلکہ یہ فرنچائز کے طور پر بنائی جائے گی، مہیش منجریکر اس معاملے پر مسلسل مشاورت کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فلم کی کاسٹنگ پر 2025ء کے وسط تک کام مکمل کرلیا جائے گا جو ممکنہ طور پر سال کے آخر تک ریلیز کردی جائے گی۔