مرتب: محمّد ہمایوں ظفر
ہمارے پیارے بابا، جاوید واپی والا صرف ہمارے والد ہی نہیں، بلکہ ایک رہنما، مخلص دوست اور اتالیق کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہماری بہترین تعلیم و تربیت اور روشن مستقبل کے لیے جس طرح دن رات اَن تھک محنت کی، اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ آج ہم سب بھائی بہن، جو کچھ اور جس قابل ہیں، اپنے والد صاحب ہی کی وجہ سے ہیں۔ والد صاحب نے ہر اچھے اور مشکل وقت میں ہماری بہترین رہنمائی کی۔
انھوں نے کبھی اپنی خواہشات ہم پر مسلّط نہیں کیں، تربیت کے دوران ہمیشہ تعلیم کو اوّلیت دی۔ اُن کی پوری زندگی ہمارے لیے ایک روشن مینار کی مانند ہے، جس کی روشنی میں ہم اپنی اپنی منزل کی جانب گام زن ہیں۔ انھوں نے ہر مشکل وقت میں ہماری ہمّت بندھائی اور یہ سمجھایا کہ زندگی میں کوئی بھی مشکل ہو، کبھی ہمّت نہیں ہارنی۔
ہمارے بابا، صرف اپنی اولاد ہی کے نہیں، رشتے داروں، دوست احباب، پڑوسیوں، یہاں تک کہ گھر کے ملازمین کے بھی چھوٹے، بڑے کاموں میں بغیر کسی غرض و ستائش کے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ وہ ایک شفیق باپ، بہترین شوہر، پُرخلوص بھائی اور انسان دوست شخصیت کے حامل ہیں۔ انھیں ادب و صحافت سے بھی گہرا لگاؤ ہے، خصوصاً گجراتی ادب میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
وقت کے بے حد پابند ہیں اور ہمیں بھی تلقین کرتے ہیں کہ وقت کی قدر کیا کرو، گزرا وقت کبھی لوٹ کر نہیں آتا۔ بابا نے اپنی بہنوں کے لیے بھی بہت تگ و دو کی، اُن کی خوشیوں کا بھرپور خیال رکھا، اپنی تمام بہنوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے علاوہ اُن کےشادی بیاہ میں بھی ہر ممکن مدد کی۔ ہمیں فخر ہے کہ بابا، ہمارے خاندان میں ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔
اگر اُن کی پُرخلوص دُعائیں اور رہنمائی شاملِ حال نہ ہوتی، تو شاید آج ہم اس مقام پر نہ ہوتے۔ بلاشبہ، بابا نے اپنی اَن تھک محنت، خلوص و محبّت سے ثابت کردیا کہ باپ زندگی کے تپتے صحرا میں ایک نخلستان کی مانند ہے، جو خود تو دھوپ میں جُھلستا ہے، لیکن اولاد کو ہمیشہ اپنی چھاؤں میں رکھتا ہے۔ ہم تمام بہنوں اور بھائیوں کے لیے ہمارے بابا ایک انتہائی متاثر کُن ہستی ہیں اور ہماری ہر کام یابی اُن ہی کی تعلیم و تربیت کی بدولت ہے۔ اللہ تعالیٰ میرے بابا کو صحت و تن درستی کے ساتھ طویل عُمرعطا فرمائے۔ (زبیدہ،عبدالستار، ثوبیہ، الیاس، ثناء ، گلشنِ اقبال، کراچی)