• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اونچائی سے ڈرنے والے تابش ہاشمی کا اسکائی ڈائیونگ کا سنسنی خیز تجربہ

تابش ہاشمی — فوٹو اسکرین گریب
تابش ہاشمی — فوٹو اسکرین گریب

’جیو نیوز‘ کے معروف میزبان تابش ہاشمی نے اسکائی ڈائیونگ کرنے کا سنسنی خیز تجربہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

تابش ہاشمی نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے ایکروفوبیا (Acrophobia) یعنی اونچائی سے ڈر کے بارے میں انکشاف کیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے پہلے میں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسکائی ڈائیونگ کا سنسنی خیز تجربہ کیا۔

تابش ہاشمی نے بتایا کہ جب میں اور اہلیہ حرا اسکائی ڈائیونگ کے لیے جہاز سے کودنے لگے تو اہلیہ کے چہرے پر خوف واضح نظر آ رہا تھا، ان کے ہونٹ خشک ہو گئے تھے، اُنہوں نے جہاز سے کودنے سے پہلے مجھ سے کہا کہ میں تم سے اور بچوں سے بہت پیار کرتی ہوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب حرا جہاز سے کود گئیں تو تب میری حالت خراب ہونا شروع ہوئی اور میں نے خود سے کہا کہ اب تو مجھے بھی اسکائی ڈائیونگ کرنی ہی پڑے گی، اس سے پہلے میں یہ سوچ رہا تھا کہ حرا ڈر جائیں گی لیکن وہ تو اسکائی ڈائیونگ کے لیے چلی گئیں اور گئیں بھی اس طرح جیسے میرے لیے جان دے رہی ہوں۔

تابش ہاشمی نے بتایا کہ مجھے کیونکہ ایکروفوبیا ہے تو مجھے اونچائی سے ڈر لگتا ہے اس لیے میں ہر قسم کا ایڈونچر کرتا ہوں تاکہ ڈر کو دیکھ سکوں۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب میں اسکائی ڈائیونگ کے لیے جہاز سے کودنے والا تھا اس وقت تک میری حالت انتہائی غیر ہو چُکی تھی اور ٹانگوں میں ڈر کی وجہ سے جان نہیں بچی تھی۔

تابش ہاشمی نے مزید بتایا کہ جو بندہ اسکائی ڈائیونگ کے لیے میرے ساتھ تھا اس نے میری جہاز سے کودنے میں مدد کی ورنہ میں بہت ڈرا ہوا تھا میں نے اس سے کہہ دیا تھا بھائی جو بھی کرنا ہے آپ نے ہی کرنا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب ہم جہاز سے کودے تو اچانک میرا سارا ڈر ختم ہو گیا، میں بالکل پُر سکون ہو کر چوئنگم کھانے لگا، پھر کچھ دیر میں جب ہم اسکائی ڈائیونگ کر کے نیچے اُترے تو حرا کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید