پاکستانی مزاحیہ گلوکار و یوٹیوبر چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ میں نے متھیرا کی کمر پر نہیں بلکہ متھیرا نے میری کمر پر ہاتھ رکھا تھا، شو ہٹ ہوگیا تو اب مجھ پر ہراسگی کا الزام عائد کر رہی ہیں] میں نے ان کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے وکیل سے رجوع کر لیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر چاہت فتح علی خان نے ویڈیو شیئر کر کے متھیرا کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بتایا ہے کہ متھیرا اب سوشل میڈیا پر آ کر میرے خلاف باتیں کر رہی ہیں جبکہ انہوں نے خود منت سماجت کر کے مجھے اپنے شو میں مدعو کیا تھا، شو بہت اچھا ہوا۔
چاہت فتح علی خان نے بتایا کہ دورانِ انٹرویو متھیرا نے مجھ سے سوال کیا کہ آپ نے 52 گانے ریلیز کیے، اتنی جلدی اتنے سارے گانوں کی شوٹ کیسے کی؟ تو میں نے کہا کہ شو کے بعد بتاؤں گا اور جب شو ختم ہوا تو فوٹو سیشن کا سلسلہ شروع ہو گیا، اس وقت کی جو ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے اس میں واضح ہے کہ میں نے نہیں بلکہ متھیرا نے میری کمر پر ہاتھ رکھا تھا، جس پر میں نے انہیں سیدھا کیا اور کہا کہ اس طرح تصویر کھنچواتے ہیں۔
چاہت فتح علی خان نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دوسری ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس ویڈیو میں متھیرا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میرا گانا کیسے شوٹ ہوتا ہے، گانے کی شوٹنگ کے دوران متھیرا نے بھی خوب انجوائے کیا جسے سب دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ شو کے دوران مجھ سے اتنے سوال کیے لیکن میں نے ہنس کر جواب دیا، تاکہ شو ہٹ ہو جب شو ہٹ ہو گیا تو متھیرا مجھ پر ہراسگی کا الزام عائد کر رہی ہیں، میرے خلاف بیان دے رہی ہیں، خاموش نہیں ہو رہیں، میں نے انہیں ہراساں نہیں کیا، میں نے اپنے وکیل سے رجوع کر لیا ہے، میں انہیں عدالت میں لے کر جاؤں گا۔
چاہت فتح کا یہ بھی کہنا ہے کہ متھیرا نے مجھ پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ میں شو پر اپنی ٹیم کے ساتھ گیا تھا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تمام ویڈیوز میری نہیں، یہ ویڈیوز متھیرا کے شو کی ٹیم نے ریکارڈ کیں اور جاری کیں۔