ہندوؤں کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع ’مہا کمبھ میلے‘ میں بھگڈر مچنے سے 40 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں مذہبی اجتماع کے دوران بیریئر ٹوٹنے اور بھگدڑ مچنے سے 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میلے میں شریک یاتریوں کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بیشتر تعداد بزرگ اور خواتین کی ہے جو ہجوم کی زد میں آ کر دم گھٹنے کے سبب بے ہوش ہو گئے، انہیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پریاگ راج (سابقہ الہٰ آباد) میں پیش آنے والے اس حادثے کی وجہ سے مذہبی رسومات کی ادائیگی مؤخر کر دی گئی ہے۔
بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے کی اہم وجوہات یاتریوں کی بڑی تعداد، ناکافی سہولتیں اور ہجوم کے دباؤ کو قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 17 روز سے جاری مہا کمبھ میلے میں اب تک 15 کروڑ افراد شرکت کر چکےہیں، گزشتہ روز تقریباً 5 کروڑ افراد موجود تھے۔
13جنوری سے شروع ہونے والا یہ میلہ 26 فروری تک جاری رہے گا۔