اینٹی کرپشن کورٹ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے۔
جج سردار محمود اقبال ڈوگر نے اینٹی کرپشن کورٹ میں رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت حمزہ شہباز کی جانب سے آج کی پیشی کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حمزہ شہباز اپنی بیٹی کےعلاج کے لیے بیرونِ ملک ہیں اس لیے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائدے انوار حسین عدالت میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے بریت کی درخواست پر دلائل مکمل کر لیے۔
آئندہ سماعت پر عدالت نے بریت کی درخواست پر پراسکیوشن سے دلائل طلب کر لیے ہیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ پراسکیوشن کےدلائل کے بعد فیصلہ سنا دیا جائے گا۔
اینٹی کرپشن کورٹ نے کیس کی سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔