• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق رکن اسمبلی صحافی کیخلاف بیان واپس لیکر معذرت کرے، بی یوجے

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے بی این پی کے رہنما کی جانب سے تحقیقاتی صحافی اکبر نوتیزئی پر جاسوسی جیسے من گھڑت الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ معتبر ادارے سے وابستہ صحافی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا ہے بی یو جے کے صدر خلیل احمد، جنرل سیکرٹری عبدالغنی کاکڑ اور کابینہ کے دیگر ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے سینئر رہنما اور سابق پارلیمنٹرین کو معتبر ادارے ڈان نیوز پیپر سے وابسطہ تحقیقاتی صحافی اکبر نوتیزئی پر جاسوسی جیسےبے ہودہ الزامات لگانا زیب نہیں دیتا۔ ایک صحافی کے خلاف اس کے خبر کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر الزامات لگانا انتہائی تشویشناک ہے اور یہ عمل صحافی کی ساکھ اور زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی، بی یو جے قیادت نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیں۔مذکورہ رہنماکے خلاف قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔ سابق رکن اسمبلی اپنے بیان کو واپس لیتے ہوئے معذرت کرے بصورت دیگر بی یو جے قانونی مشاورت کرکے اس ضمن میں اپنے لائحہ عمل طے کرے گی۔
کوئٹہ سے مزید