کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے شکر گزار ہیںجنہوں نے قومی کھیل ہاکی پر بھرپور توجہ دی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ میں ہونے والے دوسرئے چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلبز نیشنل ہاکی چمپیئن شپ2024-25 کے فائنل کے اختتام پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2024-25 میں ہاکی کو پاکستان کا قومی کھیل سمجھتے ہوئے سپورٹ کیا، 2025 میں گراس روٹ لیول پر انٹر ڈسٹرکٹ کلبز ہاکی مقابلے ہوئے پھر ڈویژن پر اب صوبائی سطح پر ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہاکی ٹیم لاہور جائے گی جہاں باقی صوبوں کے فائنل مقابلے ہوں گے جبکہ 15 فروری 2025ء کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر ہاکی چیمپئن شب کے فائنل کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بھی قومی کھیل پر بھرپور توجہ دی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئر ہاکی ٹیم کو جونیئر چیمپین شپ میں شرکت کیلئے عمان بھیجا ، اس وقت ہمارے پاس وسائل نہیں تھے ایسے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آگے بڑھ کر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو سپورٹ کیا اور وہی جونیئر ہاکی ٹیم ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کرکے پاکستان لوٹی۔