پاکستانی کرکٹر محمد حارث بنگلادیش میں پھنس گئے تاہم کچھ وقت بعد پی سی بی کی مداخلت کے بعد ان کا مسئلہ حل ہوگیا۔
محمد حارث کو بنگلادیش پریمیئر لیگ کی انتظامیہ نے کل کی فلائٹ کا ٹکٹ دے دیا ہے۔ پاکستانی کرکٹر کی درخواست پر پی سی بی نے بنگلادیشی حکام سے رابطہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ محمد حارث بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے گئے ہوئے تھے جہاں ٹیم دربار راجشاہی نے کھلاڑیوں کو گھر واپسی کے ٹکٹ نہیں دیے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو ٹیم اونر کی جانب سے معاوضے بھی ادا نہیں کیے گیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حارث نے اس صورتحال سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا تھا جس کے بعد پی سی بی اس معاملے پر محمد حارث اور بنگلادیش بورڈ سے رابطے میں تھا۔
محمد حارث کو آج اسلام آباد کی فلائٹ دلانے کی کوششیں کی جارہی تھیں۔
کھلاڑیوں کو پہلے فراہم کردہ ریٹرن ٹکٹ ٹریول ایجنٹ نے عدم ادائیگی پر کینسل کرا دیے تھے جبکہ ٹرانسپورٹر کو بھی رقم ادا نہیں کی گئی تھی اور کچھ پلیئرز کے کِٹ بیگ ٹیم بس کے مالکان نے ادائیگی تک روک لیے ہیں۔