سندھ میں رواں سال کی پہلی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز آج سے ہو گیا۔
ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق مہم میں سندھ کے 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
7 روزہ انسدادِ پولیو مہم 9 فروری تک جاری رہے گی، مہم سندھ کے تمام 30 اضلاع میں چلائی جا رہی ہے جس میں 81 ہزار سے زائد رضاکار حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پولیو رضاکاروں کی سیکیورٹی کے لیے 21 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں پولیو کے 73 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے 22 کیسز کا تعلق سندھ سے تھا۔
دوسری جانب سرگودھا میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سی او ہیلتھ ڈاکٹر سائرہ صفدر کے مطابق 20 ہزار سے زائد خانہ بدوش بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر 7 لاکھ9 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 4 ہزار 522 ورکرز پر مشتمل 3 ہزار 331 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
سی او ہیلتھ کے مطابق پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے 1100 سے زائد پولیس اہلکار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ڈاکٹر سائرہ صفدر نے یہ بھی بتایا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم 7 فروری تک جاری رہے گی۔
وہاڑی میں بھی انسدادِ پولیو مہم شروع
وہاڑی میں بھی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے بتایا ہے کہ وہاڑی میں انسدادِ پولیو مہم 3 سے 7 فروری تک جاری رہے گی۔
ڈی سی وہاڑی کے مطابق مہم کے دوران ضلع بھر کے 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔