• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین میں امریکی فوج، اقوام متحدہ، نیٹو کو نشانہ بنانے والا ہیکر گرفتار

میڈرڈ (اے ایف پی) ہسپانوی پولیس نے گزشتہ روز کہا کہ انہوں نے ایک ہیکر کو گرفتار کر لیا ہے جس نے امریکی فوج، نیٹو، اقوام متحدہ اور وزارت دفاع سمیت سٹریٹجک اداروں پر درجنوں سائبر حملے کیے تھے۔تفتیش کاروں نے فروری 2024 میں میڈرڈ میں قائم ایک بزنس ایسوسی ایشن کو ڈیٹا چوری کا سامنا کرنے کے بعد اپنی تحقیقات کا آغاز کیا، جس میں سال بھر میں بین الاقوامی اور ہسپانوی اداروں پر 40 سے زیادہ سائبر حملے ریکارڈ کیے گئے۔پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اہداف میں امریکی فوج، نیٹو، اقوام متحدہ، ہسپانوی دفاع اور تعلیم کی وزارتیں، سول گارڈ، یونیورسٹیاں اور انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن شامل ہیں۔ہیکر نے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کی، جس میں ملازمین اور کلائنٹس کے بارے میں معلومات کے ساتھ ساتھ اندرونی دستاویزات شامل ہیں،جو کہ پھر انٹرنیٹ فورمز پر فروخت یا شائع کی گئیں۔مشتبہ شخص نے مختلف فرضی ناموںکے تحت ڈارک ویب پر فورمز پر حملوں کا دعویٰ کیا اور شناخت سے بچنے کے لیے گمنام میسجنگ اور براؤزنگ ایپس کا استعمال کیا۔ دسمبر میں سول گارڈ اور وزارت دفاع پرآخری حملہ جنوب مشرقی ایلیکینٹ کے علاقے میں مشتبہ شخص کی شناخت اور گرفتار ی کا باعث بنا۔راز افشا کرنے، غیر قانونی رسائی اور آئی ٹی سسٹمز کو نقصان پہنچانے اور منی لانڈرنگ کے ملزم ہیکر کے مختلف اثاثوں کے ساتھ 50 سے زائد کرپٹو کرنسی اکاؤنٹس بھی ہیں۔یورپی یونین کے قانون نافذ کرنے والے ادارے یوروپول اور یو ایس ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز نے اس آپریشن میں تعاون کیا۔
اہم خبریں سے مزید