• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ حسینہ کی بھارت میں تقریرکا ردعمل، ڈھاکا میں شیخ مجیب کے گھر پر حملہ

اسلام آباد(محمد صالح ظافر) برطرف شدہ وزیر اعظم بنگلہ دیش، شیخ حسینہ کی بھارت کی سرزمین سے اپنی سابق حکومت کے خلاف کی گئی پہلی تقریر نے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔ مشتعل مظاہرین نے بدھ کی شام ڈھاکہ کے دھان منڈی 32 میں واقع ان کے والد اور بنگلہ دیش کی تخلیق کی تحریک کے رہنما، شیخ مجیب الرحمان کی رہائش گاہ پر حملہ کر دیا۔شیخ حسینہ نے گزشتہ سال اگست میں اپنی برطرفی کا الزام امریکہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سینٹ مارٹن جزیرے کی خودمختاری سے دستبردار ہو جاتیں اور امریکہ کو خلیج بنگال پر غلبہ حاصل کرنے دیتیں تو وہ آج بھی اقتدار میں ہوتیں۔ انہوں نے اپنی سابقہ حکومت کے ملک کے موجودہ حکمرانوں پر سخت تنقید کی۔ وہ جلا وطنی میں بھارت میں مقیم ہیں۔مشتعل حملہ آوروں نے زبردستی گیٹ توڑ کر رہائش گاہ میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ یہ احتجاج شیخ حسینہ کی آن لائن تقریر کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے اعلان کیا تھا کہ وہ جوابی کارروائی کے طور پر دھان منڈی 32 میں بلڈوزر مارچ کریں گے۔ ابتدا میں انہوں نے رات 9 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجے) گھر کو مسمار کرنے کی دھمکی دی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے اپنے منصوبے میں ترمیم کر لی اور شام 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 7 بجے) ہی وہاں پہنچ گئے۔ریلی کی صورت میں پہنچ کر، مظاہرین نے مرکزی دروازہ توڑ کر اندر گھسنے کے بعد بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی۔
اہم خبریں سے مزید