پشاور(گلزار محمد خان)خیبرپختونخوا میڈیکل فیکلٹی سے 37ہزار سے زائد اُمیدواروں کے پرچے غائب ہوگئے ہیں ، فیکلٹی کے سیکریسی ڈپارٹمنٹ میں گزشتہ سال مارچ اور ستمبر میں ہونیوالے دو امتحانات کے پرچوں کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں جبکہ متعدد گاڑیاں بھی غائب ہیں اور سافٹ ویئر بھی غلط طریقے سے استعمال ہورہا ہے امتحانی پرچے اور جوابی شیٹس کہاں اور کس کی تحویل میں؟ چیف ایگزیکٹو کا مراسلہ 24 گھنٹے میں جواب طلب ،اس ضمن میں نشاندہی کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر نے 3 الگ الگ مراسلے جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر تمام سامان برآمد کرنے کی ہدایت کردی ہے،اس سکینڈل کی وجہ سے مذکورہ تمام اُمیدواروں کا مستقبل سوالیہ نشان بن گیا ہے، واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں پیرامیڈیکل سٹاف کو ڈگریاں جاری کرنے اور پیرامیڈیکس کے الحاق اور رجسٹریشن کیلئے میڈیکل فیکلٹی قائم ہے،ذرائع کے مطابق فیکلٹی میں گزشتہ ایک عرصہ سے شکایات ہیں لیکن تازہ سکینڈل نے محکمہ صحت کو ہلادیا ہے،محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے معلومات اس وقت سامنے آئیں جب محکمہ صحت نے موجودہ ڈی جی ہیلتھ سروسز سے میڈیکل فیکلٹی کے سی ای او کا چارج لے کر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایولیویشن کو چارج حوالے کیا ، نئے سی ای او نے جب ریکارڈ کی چیکنگ کی توانکشاف ہوا کہ گزشتہ برس 37 ہزار سے زائد اُمیدواروں نے مارچ اور ستمبر میں دو امتحانات دیئے تھے لیکن ان تمام اُمیدواروں کے پرچے فیکلٹی سے غائب ہیں اور ان کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں جبکہ گاڑیاں بھی غائب ہیں اور سافٹ ویئر کے بارے میں بھی شکایات ہیں ،اس بارے میں ریکارڈ کی حوالگی ، گاڑیوں کی واپسی اور سافٹ ویئر سے متعلق معلومات فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ اگر 24 گھنٹوں میں تمام سامان واپس نہ کیا گیا تو اس کے بعد ای اینڈ ڈی رولز 2011 کے تحت تادیبی کاروائی کی جائیگی، چیف ایگزیکٹو آفیسر فیکلٹی آف پیرا میڈیکل اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کی جانب سے انچارج کنڈکٹ سسٹم ،انچارج سیکریسی سیکشن، ایڈمن اینڈ فنانس سیکشن اور انچارج آئی ٹی سیکشن کو جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ مارچ 2024 اور ستمبر 2024 کے پیرامیڈیکس امتحانی پرچے، متعلقہ جوابی شیٹس اور سپرنٹنڈنٹ نوٹس/فائلوں کے ساتھ 24 گھنٹے کے اندر فراہم کریں،عدم تعمیل کی صورت میں آپ کو تحریری جواب جمع کرانا ہوگا کہ امتحانی اور جوابی پرچے اس وقت کہاں اور کس کی تحویل میں رکھے گئے ہیں اس ہدایت کی تعمیل میں ناکامی کے نتیجے میں حکومت خیبرپختونخوا کے تادیبی قواعد 2011 کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔