بالی ووڈ کی حسینہ، عالمی شہرت یافتہ خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی بیٹی آرادھیا بچن جعلی خبروں سے پریشان ہو کر گوگل کے خلاف پھر عدالت پہنچ گئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آرادھیا بچن نے متعدد ویب سائٹس اور یوٹیوب پر اپنی صحت سے متعلق جھوٹی اور گمراہ کن خبریں ہٹانے کے لیے دہلی کی عدالت میں نئی درخواست دائر کی ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تاحال انٹرنیٹ پر میری صحت سے متعلق جھوٹی خبریں موجود ہیں، انہیں فوری ہٹایا جائے۔
نئی درخواست عدالت کے گزشتہ حکم کی پیروی میں دائر کی گئی ہے، جس میں گوگل سمیت دیگر تفریحی ویب سائٹس اور یوٹیوب چینلز کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ آرادھیا بچن سے متعلق تمام جھوٹا اور مبالغہ آمیز مواد فوراً ہٹائیں جس کی نشاندہی آرادھیا نے کی تھی۔
حالیہ سماعت میں ہائی کورٹ نے گوگل کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 مارچ 2025ء تک ملتوی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ 20 اپریل 2023ء کو دہلی ہائی کورٹ نے یوٹیوب کو سختی سے ہدایت کی تھی کہ وہ بھارتی اداکار ابھیشیک بچن اور اداکارہ ایشوریا رائے کی بیٹی آردھیا کی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں فوری طور پر حذف کرے۔
آرادھیا نے درخواست میں کہا تھا کہ یوٹیوب چینل نے میری ’خراب صحت‘ اور ’موت‘ کے بارے میں افواہیں پھیلائیں۔
انہوں نے جھوٹی خبریں پھیلانے والوں پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔