ٹوکیو میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے کشمیر یک جہتی فورم جاپان اور کشمیر کونسل کے زیرِ اہتمام یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے علاوہ جاپانی سماجی و سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر یک جہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید نے کہا کہ اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی مظالم کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا، خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن جاپان کے چیئرمین ملک محمد یونس نے کہا کہ کشمیر محض ایک زمینی تنازع نہیں بلکہ ایک انسانی المیہ ہے جس کا فوری حل ضروری ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے اور ان کے حقوق کی بحالی میں کردار ادا کرے۔
یومِ یک جہتیٔ کشمیر کی مناسبت سے سفارت خانۂ پاکستان ٹوکیو میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔
اس سے قبل جاپان میں مقیم مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے اقوامِ متحدہ ٹوکیو دفتر اور بھارتی سفارت خانے میں یادداشتیں جمع کروائیں جن میں مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام پر مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مظاہرے کے دوران شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بلند کیے۔
ٹوکیو پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود رہی تاکہ مظاہرہ پُرامن طریقے سے منعقد ہو سکے۔