وزارت ہوابازی کو وزارت دفاع جبکہ نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کو وزارت داخلہ میں ضم کردیا گیا۔
وفاقی حکومت نے وزارت ہوابازی کو بطور الگ وزارت ختم کردیا۔ وزارت دفاع نے کابینہ کے فیصلے، کابینہ ڈویژن کے ایس آر او پر عملدرآمد مکمل کرلیا۔
وزارت دفاع نے وزارت ہوابازی کو ضم کرنے کا مراسلہ تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو بھجوادیا ہے۔
یہ فیصلہ تمام صوبائی چیف سیکرٹریز بشمول آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کو بھجوا دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ اب ہوابازی سے متعلقہ تمام امور کیلئے وزارت دفاع سے رجوع کیا جائے۔ کابینہ نے 14 جنوری 2025 کو وزارت ہوابازی کو وزارت دفاع میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے 4 فروری 2025 کو ایس آر او جاری کیا تھا۔
اسی طرح نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کو وزارت داخلہ میں ضم کردیا گیا، انسداد منشیات فورس اے این ایف وزارت داخلہ کا ماتحت ادارہ قرار دے دیا گیا۔
اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ اب وزارت داخلہ و انسداد منشیات کہلائے گی۔ نئی سرکاری دستاویزات میں وزارت داخلہ کا نیا نام استعمال کیا جائے۔
وفاقی حکومت نے رولز آف بزنس 1973 میں ضروری ترامیم کردیں۔