دورِ حاضر میں جہاں ٹیکنالوجی نے زندگی میں کئی آسانیاں پیدا کی ہیں وہیں اب لوگوں کو گھر بیٹھے کمانے کا موقع بھی مل گیا ہے۔
یوں تو گھر بیٹھے کام کی سہولت نے خواتین کو خود مختار اور بااختیار بنایا ہے، تاہم مرد بھی اس سہولت سے بھر پور فائدہ اُٹھاتے ہیں اور اپنی معمول کی ملازمت کے بعد کچھ وقت نکال کر گھر بیٹھے کام کر کے اپنی آمدن میں اضافہ کرتے ہیں۔
فراڈ کرنے والوں نے گھر بیٹھے کمانے کی اس سہولت کو بھی نہ چھوڑا اور چند اضافی پیسے کمانے کے خواہش مند افراد کو نشانہ بنانا اپنا وتِیرہ بنا لیا ہے۔
ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے 37 سالہ شخص کے ساتھ، جس کے نتیجے میں اسے 11 لاکھ روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
فراڈ کرنے والوں نے ابتداً مذکورہ شخص کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے واٹس گروپ میں شامل کر کے خاتون کے نام سے ایک پیغام بھیجا، جس میں ایک خصوصی کوڈ دیا گیا۔
بعد ازاں اسے چھوٹے چھوٹے ٹاسک دیے اور ان ٹاسک کے عوض رقم ادا کی، اس کے بعد ایک ایسی اسکیم متعارف کروائی گئی جس میں پیشگی سرمایہ کاری کی ضرورت تھی۔
پری پیڈ ٹاسکس کے عوض ابتداً کچھ عرصے رقم ادا کی گئی تاہم جب بھارتی شخص کا اعتماد حاصل ہو گیا تو اس سے بڑی رقم کا مطالبہ کیا گیا۔
بھارتی شخص نے تقریباً 11 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کے بعد جب اپنی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو اسے احساس ہوا کہ وہ آن لائن فراڈ کا نشانہ بن گیا ہے۔