• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی گرامر اسکول نے ریفلیکشنز اسکول ٹورنامنٹ جیت لیا


ریفلیکشنز اسکول ٹورنامنٹ کے ہائی وولٹیج فائنل میں کراچی گرامر اسکول (کے جی ایس) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم ریفلیکشنز اسکول کو 1-2 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

یہ مقابلہ مہارت، جوش اور زبردست حکمت عملی کا شاندار مظاہرہ تھا، جہاں ٹائٹل فیوریٹ کے جی ایس نے اہم لمحے میں برتری حاصل کرکے کامیابی سمیٹی۔

میچ کے آغاز میں ہی کے جی ایس نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور جلد ہی میکائل عارفین نے شاندار انداز میں فنش کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ یہ گول مسلسل دباؤ اور حملوں کا نتیجہ تھا، جس نے کے جی ایس کے جیتنے کے عزم کو واضح کردیا تھا۔

جیسے جیسے میچ آگے بڑھا، کے جی ایس کے کپتان ثناء اللّٰہ خان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ناصرف انہوں نے پہلے گول کےلیے اسسٹ فراہم کیا بلکہ فیصلہ کن گول بھی اسکور کیا، جس نے ان کی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ ان کے شاندار کھیل نے انہیں ’مین آف دی میچ‘ کا اعزاز دلایا۔

کے جی ایس کی جیت میں ان کی جارحانہ حکمت عملی بنیادی عنصر ثابت ہوئی۔ انہوں نے حریف ٹیم کو دباؤ میں لیے رکھا، ہر گیند کےلیے بھرپور مقابلہ کیا اور ریفلیکشنز کو اپنا کھیل ترتیب دینے کا موقع نہ دیا۔

ان کے غیر متزلزل جذبے اور جیت کی بھوک نے انہیں کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔

اس شاندار فتح کے ساتھ کے جی ایس نے انٹر اسکول فٹبال میں اپنی برتری ثابت کردی۔ ٹیم کے مڈ فیلڈر کریم علی عطا نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور اپنی مہارت کے باعث ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید