رواں ماہ شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کی فلم ’صنم تیری قسم‘ 9 سال بعد ری ریلیز ہوتے ہی چھا گئی۔
اداکارہ نے اس کی کامیابی کا سہرا شوہر و اداکار امیر گیلانی کے سر سجا دیا۔
حال ہی میں ماورا حسین نے بھارتی صحافی کو آن لائن انٹرویو دیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی فلم صنم تیری قسم کی شاندار کامیابی اور اس کے سیکوئل کے حوالے بات کی۔
9 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’صنم تیری قسم‘ صرف 9 کروڑ کا کُل بزنس کر سکی تھی، جس کی وجہ سے اسے فلاپ فلم تصور کیا گیا۔
دوبارہ ریلیز کے بعد اب اس فلم نے ابتدائی 4 دنوں میں تقریباً 25 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر کے ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا پر ہر جانب صرف اس فلم اور اداکارہ ماورا حسین کا چرچہ ہو رہا ہے۔
فلم کی حالیہ کامیابی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ اگر فلم 9 برس بعد اب کامیابی ہو رہی ہے تو یہ یقیناً میرے شوہر کی قسمت سے ہے۔
فلم کے سیکوئل کے حوالے صحافی نے کہا کہ شائقین چاہتے ہیں کہ فلم کا سیکوئل جب بھی بنے تو اس میں ماورا حسین ہی ہوں، اس بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟
بھارتی صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ مجھے فلم کے سیکوئل کا حصہ بن کر خوشی ہو گی، فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی میں نے جب بھارت میں کام کیا تب مجھے وہاں بہت پیار و محبت ملی، اگر فلم کے سیکوئل کا حصہ بننا میری قسمت میں ہوا تو ضرور، کیوں نہیں لیکن اگر کسی بھی وجہ سے یہ میری قسمت میں نہیں تو کوئی بات نہیں، میری جگہ کوئی بھی فلم میں کام کرے میری خواہش ہے کہ اس کا پارٹ 2 بھی اتنا ہی کامیاب ہو۔