• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارسلان شیخ کا وفاق پر بجلی 90 لاکھ بوگس یونٹ چارج کرنے کا الزام


سندھ حکومت کے ترجمان ارسلان شیخ نے وفاقی حکومت پر الزام لگادیا اور کہا کہ سیپکو، حیسکو اور کےالیکٹرک بجلی چور ہیں، یہ عوام کا خون چوس رہے ہیں، عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے، ہمارے مطالبات کو 48 گھنٹوں میں پورا کیا جائے۔

سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے، سوا مہینے سے سکھر اور دیگر شہر اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں، وزیر اعظم سے گزارش ہے کہ وہ نوٹس لیں۔

انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ زیادتی پر خاموش نہیں بیٹھے گی، ہم وفاق کو سپورٹ کرتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم خاموش رہیں گے۔

ارسلان شیخ نے کہا کہ تھر کا دورہ کریں تو اندازہ ہوگا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سب سے سستی بجلی بنا رہی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کہنے پر لوگوں کو مفت بجلی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 80 لاکھ 90 ہزار بوگس یونٹس چارج کیے جا رہے ہیں جبکہ گیس کا مسئلہ سندھ میں بڑھتا جا رہا ہے اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 158 کے مطابق گیس جہاں پروڈیوس ہوتی ہے پہلے وہاں کی مانگ پوری کی جاتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سیپکو، حیسکو اور کےالیکٹرک بجلی چور ہیں، یہ عوام کا خون چوس رہے ہیں، عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ ہمارے مطالبات کو 48 گھنٹوں میں پورا کیا جائے۔ 

میئر سکھر نے کہا کہ وفاق نے سندھ کو نقشے سے الگ کیا ہوا ہے، ہم وفاق کو ملک کے وسیع تر مفاد میں سپورٹ کیا، سندھ ہمیشہ قربانیاں دیتا رہا ہے۔ 

سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم سے اپیل ہے کہ دوسرے صوبوں پر بھی نظر کرم کی جائے۔ عوام ہم سے پوچھتے ہیں کہ سندھ کا موٹر وے سندھ حکومت کیوں نہیں بنا رہی؟ وفاقی حکومت نے پورے پاکستان میں موٹر وے قائم کر دیے، حیدرآباد یا سکھر کی بات آتی ہے تو موٹر وے منصوبہ تاخیر کا شکار ہو جاتا ہے۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ ہماری آئینی ضروریات کو پورا کیا جائے ، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے۔ وفاقی حکومت آئینی تقاضوں کو پورا کرے۔

انکا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ لاگو ہونے سے پیپلز پارٹی اپنی آواز نہیں روکے گی، پیپلز پارٹی کوڑوں سے نہیں ڈری، پیکا ایکٹ سے کیا ڈرے گی۔

سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ حکومت سندھ وفاق پر دباؤ ڈالنے کے بجائے آئین کے تحت عوام کےلیے حقوق مانگ رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید