• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے پی کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بی آر ٹی طرز کی بسیں چلانے کا فیصلہ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی بی آر ٹی طرز کی بسیں چلائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین خان گنڈاپور کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں بی آر ٹی سروس کو دیگر علاقوں تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں رنگ روڈ، باڑہ روڈ اور خیبر روڈ پر بی آر ٹی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا، بی آر ٹی بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مزید 72 بسیں خریدی جائیں گی۔

نئی بسوں کی خریداری اور نئے روٹس پر بسیں چلانے کے لیے سول ورکس مکمل کرنے کے لیے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

اجلاس میں بی آر ٹی کے زیرِ تعمیر پلازوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا، مال آف حیات آباد اور ڈبگری میں پلازہ اپریل میں تیار ہو جائیں گے۔

رنگ روڈ کے مسنگ لنک کی تعمیر پر کام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ ٹریفک کی روانی کے لیے رنگ روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر7 انڈر پاسز تعمیر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

متعلقہ حکام کو 2 ماہ میں ان انڈر پاسز کی فیزیبلٹی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کے دوران اندرونِ شہر کے گنجان آباد علاقوں میں بھی انڈر پاسز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک میں خلل ڈالنے والی تمام رکاوٹیں ایک ماہ میں ختم کرنے کا فیصلہ ہوا۔

اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹ کو ناردرن بائی پاس سے لنک کرنے کے لیے سڑک تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔

وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پشاور کی تعمیر و ترقی ہماری اہم ترجیح ہے، پشاور کو صحیح معنوں میں صوبے کا خوبصورت شہر بنایا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی بی آر ٹی طرز کی بسیں چلائی جائیں گی، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مردان، سوات، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان شامل ہیں جبکہ چاروں شہروں کی فیزیبلٹی اسٹڈیز ایک ماہ میں مکمل کی جائیں گی۔

قومی خبریں سے مزید