بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے ہالی ووڈ ڈیبیو میں رکشہ ڈرائیور کا کردار نبھانے کی خبروں نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
سلمان خان اپنے کیریئر کو ایک نئی جہت دینے کے لیے ہالی ووڈ میں ڈیبیو کے لیے تیار ہیں، جس میں وہ 2021ء میں بنائی گئی فلم سیون ڈاگز کے ری میک میں جلوہ گر ہوں گے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی کچھ تصاویر اور ویڈیوز میں سلمان خان کو سعودی عرب میں فلم کی شوٹنگ میں مصروف دیکھا گیا ہے۔
سلمان خان کو ایک رکشے کے پاس ڈرائیورز کے لباس میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے وہ اس فلم میں کسی سادہ شخصیت کا کردار نبھا رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ شوٹنگ کے دوران اپنے کریو ممبرز سے باتیں بھی کر رہے ہیں اور انہوں نے خاص ممبئی اسٹائل میں چیک شرٹ کے ساتھ لال رومال بھی گلے میں ڈالا ہوا ہے۔
ایک اور ویڈیو میں سلمان خان کو سفید سوٹ زیب تن کیے دیکھا گیا ہے جس سے مداح ان کے فلم میں کردار کے بارے میں حیرت میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ان کے فلم میں ڈبل رول سے متعلق بھی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
فلم کی تفصیلات اور کرداروں کی موجودگی سے متعلق مستند معلومات ابھی سامنے آنا باقی ہیں، جس کا فینز کو شدت سے انتظار ہے۔