سندھ حکومت کی جانب سے ہائی رسک علاقوں میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق کراچی کی27 ہائی رسک یونین کونسلز میں انسدادِ پولیو مہم کا پہلا مرحلہ آج سے شروع کیا گیا ہے۔
انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کیا۔
ای او سی کے مطابق کثرتِ آبادی، نقل و حرکت کے باعث پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ برقرار ہے۔
پہلے مرحلے میں 5 سال سے کم عمر کے 5 لاکھ 62 ہزار بچوں کو او پی وی ویکسین پلائی جائے گی۔
4 ماہ سے 5 سال کے 5 لاکھ21 ہزار بچوں کو ایف آئی پی وی ویکسین دی جائے گی۔
یاد رہے کہ 2024ء میں پولیو کے 24 کیسز جبکہ 2025ء میں اب تک 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔