• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شادی میں تاخیر پاکستانی خواتین میں موٹاپے کے خطرے کو کم کرتی ہے: تحقیق

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

شادی میں تاخیر پاکستانی خواتین میں موٹاپے کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے۔

ماضی میں مختلف تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شادی کے بعد اکثر مرد اور خواتین کا وزن بڑھ جاتا ہے اور کچھ شادی شدہ جوڑوں میں تو موٹاپا ان کی ازدواجی طرز زندگی سے براہ راست منسلک ہے۔

میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی نئی تحقیق میں پاکستان ڈیموگرافک اینڈ ہیلتھ سروے 13-2012ء اور 18-2017ء کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ 

تحقیق کے نتائج کے مطابق پاکستان میں نصف سے زیادہ خواتین موٹاپے کا شکار ہیں لیکن شادی میں تاخیر بالخصوص شہری خواتین میں موٹاپے کے خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یارک یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معاشرے کے بنائے ہوئے صنفی اصولوں نے شہری طرز زندگی کے ساتھ مل کر پاکستان میں موٹاپے کی شرح کو تیزی سے بڑھایا ہے۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق شادی میں تاخیر خواتین کو تعلیم، خواندگی اور صحت سے متعلق معلومات تک رسائی کے زیادہ مواقع فراہم کرتی ہے اور یہ عوامل صحت مند طرز زندگی کی عادات کو فروغ دینے اور غذائیت پر زیادہ توجہ دینے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔

تحقیق میں کے نتائج میں مزید بتایا ہے کہ شادی میں تاخیر کرنے سے اکثر میاں بیوی کے درمیان عمر کا فرق کم ہو جاتا ہے جو خواتین کو گھر میں فیصلہ سازی کا زیادہ اختیار فراہم کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی صحت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے لیے مناسب خوراک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق گھر میں خواتین کو فیصلہ سازی کا اختیار ملنے کے بعد ناصرف ان کی اپنی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ وہ اپنے بچوں کی صحت کو بھی بہتر بناتی ہیں۔

تحقیق میں بتایا ہے کہ ان فوائد کے باوجود تقریباً 40 فیصد پاکستانی خواتین اب بھی 18 سال کی عمر سے پہلے شادی کرلیتی ہیں۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق شادی میں ہر ایک سال کی تاخیر شہری خواتین میں موٹاپے کے خطرے کو تقریباً 0.7 فیصد تک کم کرتی ہے اور ایسی خواتین جنہوں نے 23 سال کی عمر یا اس کے بعد شادی کی، ان کی صحت سب سے زیادہ بہتر تھی۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کم عمری میں شادی کرنے سے موٹاپے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ بہت سی خواتین کو بچے پیدا کرنے کے لیے کم عمری میں شادی کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خواتین کے وزن میں اضافے کی وجہ اکثر صحت سے متعلق محدود معلومات اور گھر میں فیصلہ سازی کے اختیار میں کمی ہے۔

صحت سے مزید