پنیر دنیا بھر میں بےحد مقبول اور کئی کھانوں میں بطور مرکزی جزو شامل کیا جاتا ہے، اب چاہے وہ سینڈوچ ہو، پیزا، پاستا یا پھر سلاد، پنیر ناصرف ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ غذائیت سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق پنیر یعنی ’چیز‘ میں پروٹین، چکنائی، کیلشیم، فاسفورس، پوٹاشیم اور وٹامن بی 12 پایا جاتا ہے جو صحت کے مطلوب غذا کے اہم عناصر ہیں۔
چکنائی کی زیادہ مقدار کی وجہ سے پنیر کو اکثر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر آپ روزانہ پنیر کھائیں تو آپ کے جسم پر کیا اثر ہوگا؟
پنیر کے صحت پر ممکنہ فوائد
ماہرین کا کہنا ہے کہ بالغ افراد کو روزانہ تقریباً 1000 ملی گرام کیلشیم کی ضرورت ہوتی ہے، سخت پنیر جیسے کہ چیڈر، ایک اونس میں تقریباً 200 ملی گرام کیلشیم فراہم کرتا ہے جو روزانہ کی ضرورت کا پانچواں حصہ ہے۔
کیلشیم ناصرف ہڈیوں بلکہ پٹھوں، خون کی گردش اور اعصابی نظام کے لیے بھی ضروری ہے۔
دہی کو عام طور پر پروبائیوٹکس کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے مگر چیڈر، سوئس اور کاٹیج پنیر میں بھی یہ مفید بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں جو معدے کی صحت کو برقرار رکھتے ہیں۔
متعدد اسٹڈیز بتاتی ہیں کہ پنیر کھانے سے دانتوں اور مسوڑھوں کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
اگرچہ پنیر میں سیر شدہ چکنائی زیادہ ہوتی ہے مگر ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق متوازن مقدار میں پنیر کھانے والے افراد میں کولیسٹرول کی سطح بہتر رہتی ہے اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
دل کی صحت کے لیے خاص طور پر خمیر شدہ ڈیری مصنوعات جیسے دہی اور پنیر زیادہ فائدہ مند پائی گئی ہیں۔
روزانہ پنیر کھانے کے ممکنہ نقصانات
پنیر میں سوڈیم (نمک) شامل کیا جاتا ہے تاکہ یہ خراب نہ ہو اور ذائقہ بہتر ہو تاہم زیادہ نمک خون کے دباؤ اور دل کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ایک اونس چیڈر پنیر میں تقریباً 180 ملی گرام سوڈیم پایا جاتا ہے۔
جو لوگ لیکٹوز انٹالیرنس (Lactose Intolerance) کا شکار ہیں، اِنہیں پنیر ہضم کرنے میں مشکل ہوسکتی ہے، البتہ سخت اور پرانا پنیر عام طور پر کم لیکٹوز رکھتا ہے جس کا یہ افراد بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
کون سا پنیر روزانہ کھانا بہتر ہے؟
اعتدال کے ساتھ مختلف اقسام کا پنیر روزانہ کھایا جاسکتا ہے۔
چیڈر، موزریلا، سوئس اور کاٹیج پنیر زیادہ عام اور غذائیت سے بھرپور سمجھا جاتا ہے۔
امریکی محکمۂ زراعت کے مطابق 2000 کیلوریز والی روزانہ کی غذا میں ڈیری گروپ کی تین سَروِنگز شامل ہونی چاہئیں جن میں پنیر بھی شامل کرنا چاہیے۔