مستقبل اور ٹریفک جام کی پریشانی کا حل سمجھی جانے والی سواری فلائنگ کار نے اپنی پہلی کامیاب پرواز مکمل کرلی۔
2.5 کروڑ روپے (3 لاکھ ڈالر) مالیت کی یہ گاڑی عام سڑکوں پر بھی چلائی جاسکتی ہے اور گاڑی کے بونٹ اور ڈِگی میں پروپیلرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت اسے فضا میں بلند کر سکتے ہیں۔
امریکی کمپنی الیف ایئروناٹکس نے اس گاڑی کی پہلی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں یہ فضا میں اڑتی نظر آرہی ہے، یہ منظر کسی سائنس فکشن فلم جیسا محسوس ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ کار ایک بار چارج ہونے پر 354 کلو میٹر سڑک پر چل سکتی ہے اور 177 کلو میٹر فضا میں پرواز کر سکتی ہے۔
یہ کار ڈسٹری بیوٹڈ الیکٹرک پروپلشن ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہے، جس میں پروپیلر بلیڈز کو ایک میش لیئر سے ڈھانپا گیا ہے، جس کی مدد سے یہ زمین سے اوپر اٹھنے میں کامیاب رہی۔
امریکی میڈیا کے مطابق کمپنی نے اس آزمائش کے لیے الیف ماڈل زیرو کا ایک الٹرا لائٹ پروٹوٹائپ استعمال کیا۔
الیف کے سی ای او جم ڈوخوونی نے اس کامیابی کو رائٹ برادران کی 1903 میں ہونے والی پہلی پرواز سے تشبیہ دی اور کہا کہ یہ ڈرائیو اور فلائٹ ٹیسٹ کسی حقیقی شہری ماحول میں ٹیکنالوجی کا ایک اہم ثبوت ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا میں قائم یہ اسٹارٹ اپ 2026 کے آغاز تک اپنی ماڈل اے فلائنگ کار کی پیداوار شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
دوسری جانب گاڑی کی پرواز کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے حیرت اور تجسس کا اظہار بھی کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ بالکل ویسا ہی ہے جیسا میں نے 4 سال کی عمر میں اڑنے والی کاروں کا تصور کیا تھا۔
دوسرے صارف نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اب پیرالل پارکنگ آسان ہوگی یا اور بھی مشکل۔