پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار سید نور کا کہنا ہے کہ احمد علی بٹ کو مجھ سے ذاتی مسائل ہیں۔
سید نور نے ایک پوڈکاسٹ میں مختلف سوالات اور تنازعات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے اداکار سعود قاسمی کی جانب سے اپنے اور شان شاہد کے خلاف بیان پر بھی ردعمل دیا۔
سید نور نے سعود قاسمی کے بیان پر ناراضگی کا اظہار نہیں کیا مگر وہ احمد علی بٹ سے خفا نظر آئے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ جو کچھ سعود نے کہا وہ مثبت انداز میں کہا، مجھے ان کی تنقید سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ اصل مسئلہ میزبان کا تھا۔
نامور ہدایت کار نے کہا کہ احمد صاحب کو مجھ سے ذاتی مسئلہ ہے، وہ جان بوجھ کر اپنے سوالات کا رخ میری طرف موڑتے ہیں اور ہمیشہ میرے متعلق ہی گفتگو گھماتے ہیں۔
سید نور نے مزید کہا کہ انہیں میرے ساتھ ایک پوڈکاسٹ کرنی چاہیے، میں ان کے تمام سوالوں کے جوابات دوں گا، بنیادی طور پر سعود کا مطلب یہ تھا کہ اگر وہ فلم انڈسٹری میں کام کرتے رہتے تو انڈسٹری آج بہتر ہوتی، میرا یہی سمجھنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار سید نور نے متعدد نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروایا۔ انہوں نے ریما، شان، میرا، ریشم، ثنا، صائمہ اور دیگر اداکاروں کو فلمی دنیا میں متعارف کروایا۔