سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران خصوصی ’رمضان قرآن کورس‘ کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ اعلان مقدس مساجد مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے مذہبی امور کے ادارے کے صدر کی جانب سے کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران زائرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس کورس کے دوران انتظامیہ کی جانب سے تحفیظِ قرآن کریم کے 220 حلقوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 10 سے زائد زبانوں میں دروس کا خصوصی بندوبست کیا جائے گا۔
تلاوت قرآن کی درستگی کے لیے خصوص کلاسوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جو 20 ہزار گھنٹوں پر محیط ہوں گی۔
زائرین کو مسائل کے شرعی حل سے آگاہ کرنے کے لیے 30 مفتیان اور علمائے کرام کو مسجدِ نبوی ﷺ کے اندر اور بیرونی صحنوں میں متعین کیا جائے گا۔
حرمین شریفین میں مذہبی امور کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السُدیس کے مطابق یہ اقدام امتِ مسلمہ کے باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ دے گا۔