بنگلا دیش کی سابق وزیرِ اعظم اور بی این پی رہنما خالدہ ضیاء نے فوری انتخابات پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی رہنما خالدہ ضیاء نے عبوری حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ محدود اصلاحات کر کے فوری انتخابات کرائے۔
انہوں ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایک متفقہ اور شفاف الیکشن کی توقع رکھتے ہیں تاکہ ملک میں جمہوری نظام بحال ہو سکے۔
انہوں نے اپنی جماعت کو متحد رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔
خالدہ ضیاء کا کہنا ہے کہ طلبہ تحریک اور عوامی جدوجہد نے فاشسٹ حکومت کو بھاگنے پر مجبور کر دیا لیکن ان کے اتحادی اب سازشوں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کا کہنا ہے کہ انتخابی نظام میں جامع اصلاحات کی وجہ سے انتخابات 2026ء کے وسط تک مؤخر ہونے کا امکان ہے جبکہ بی این پی کا مطالبہ ہے کہ انتخابات اسی سال کے آخر تک کرائے جائیں۔