انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ ٹیم کے نئے کپتان کا فیصلہ 2 ہفتوں میں ہوجائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انگلش ٹیم کے کوچ نے کہا کہ یکم مارچ کو جوز بٹلر کا بطور کپتان آخری میچ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جوز بٹلر کا آخری میچ یادگار بنانے کی کوشش کریں گے، انگلش کپتان کی کرکٹ کے اس طرح کے اختتام پر دکھ ہے۔
برینڈن میک کولم نے مزید کہا کہ پچھلے 2 سال کے دوران بٹلر نے بطور کپتان بہت اہم کردار ادا کیا، 2 سال قبل بٹلر نے انگلینڈ کیلئے ورلڈ کپ جیتا، یہ اعزاز ان سے کوئی نہیں لے سکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جوز بٹلر نے اہم کھلاڑیوں کی غیرموجودگی میں بھی اچھا کردار ادا کیا، وہ مستقبل میں بھی ہمارے لئے اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے۔
انگلش کرکٹ ٹیم کے کوچ نے یہ بھی کہا کہ بٹلر نے مجھے گزشتہ رات بتایا کہ وہ کپتانی چھوڑنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ہم اپنے دونوں میچز جیت سکتے تھے، اہم مواقع ضائع کیے، انگلش کرکٹ میں ٹیلنٹ ہے، اس کا درست استعمال کرنا ضروری ہے۔