بھارتی اداکار سنیل شیٹی نے امریکا میں اپنے ساتھ پیش آنے والا ہولناک واقعہ بیان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ امریکی پولیس اہلکار نے مجھ پر گن تان لی اور کہا ’نیچے جھک جاؤ ورنہ گولی ماردوں گا‘۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سنیل شیٹی نے تازہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ نائن الیون کے بعد غلط فہمی میں امریکی اہلکار نے مجھ پر گن تان لی اور مجھ سے کہا نیچےجھک جاؤ ورنہ میں گولی ماردوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ فلم کانٹے کی امریکا میں شوٹنگ کے دوران پیش آیا، امریکی اہلکار نے مجھے غلط فہمی میں ہتھکڑی لگاکر زمین پر ڈال دیا۔
بھارتی اداکار سے زندگی حیرت انگیز واقعے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ہم نائن الیون کے پہلے امریکا میں تھے۔
سنیل شیٹی نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اُن دنوں میرے چہرے پر داڑھی تھی اور میں ہوٹل جارہا تھا، چابیاں میں کمرے میں بھول چکا تھا، تو میں نے چابی مانگنے کی کوشش کی تو غلط فہمی پیدا ہوگئی۔
اداکار نے کہا کہ مجھے لگا کہ وہ میری بات نہیں سمجھ رہے، تو میں نے اشارے میں اپنی بات کہی تو وہ میرے خلاف چلی گئی، وہ شخص فوراً ہی باہر بھاگ گیا اور پھر ہلچل مچ گئی اور سڑک پر کھڑی پولیس وہاں پہنچ گئی۔
بھارتی اداکار نے کہا کہ پولیس اہلکار نے آتے ہی مجھ پر بندوق تان لی اور کہا نیچے جھک جاؤ ورنہ میں گولی ماردوں گا،اس صورتحال میں مجھے کچھ بھی سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کیا ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں گھٹنوں کے بل جھک گیا، انہوں نے میری ہاتھ میں ہتھکڑی لگادی، تب تک پروڈکشن والے بھی آگئے، پولیس کو بتایا گیا میں ایک ایکٹر ہوں۔