• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان کی تعمیر میں کن پہلوؤں پر توجہ دینی چاہیے؟

موجودہ دور میں جب ہر چیز کی قیمت آسمان کی بلندیوں کو چُھو رہی ہے، ایسے میں کسی بھی شخص کے لیے ذاتی مکان تعمیر کروانا آسان کام نہیں ہے۔ اگر کسی کے پاس اتنا سرمایہ ہے کہ وہ ذاتی مکان تعمیر کروانے کے خواب کو عملی جامہ پہنا سکتا ہے تو پھر اسے کسی اچھی جگہ پلاٹ کی خریداری کرنا ہوگی، جہاں سیکیورٹی ہو، سکون ہو اور قریب میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا بآسانی دستیاب ہوں۔ اس کے بعد بات آتی ہے خالی زمین مکان تعمیر کروانے کی جو قدم بہ قدم آپ کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔

اکثر افراد محدود بجٹ اور اچھا آرکیٹیکٹ نہ ملنے کے باعث پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔ تاہم، اچھی منصوبہ بندی اور دستیاب وسائل کو منظم طریقے سے استعمال کرنے سے ایک خوبصورت اور شاندار مکان کا خواب بآسانی پورا کیا جاسکتا ہے۔ مکان کی تعمیر کے حوالے سے چند بنیادی نکات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

بجٹ کی منصوبہ بندی

گھر کی تعمیر کا پہلا مرحلہ بجٹ کی منصوبہ بندی کرنا اور اس کو مینج کرنا ہے۔ کام کے آغاز پر تعمیراتی مواد کی خریداری، مزدور، کنٹریکٹر اور آرکیٹیک کی خدمات حاصل کرنے پر کتنی رقم خرچ ہوں گے اور ابتدا میں کتنی ادائیگی کرنی ہوگی، کتنی کام کے دوران اور کتنی تعمیر مکمل ہونے پر ادائیگی کرنی ہوگی۔ 

غرض یہ کہ بجٹ کا تعین آپ کے گھر کا ڈیزائن اور تعمیراتی مواد کرے گا۔ اگر آپ ڈیزائننگ کے لیے پروفیشنل ڈیزائنر یا آرکیٹیکٹ کی خدمات حاصل کرتے ہیں تو ایک بڑے بجٹ کی منصوبہ بندی کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ 

عموماً زیادہ تر لوگ آرکیٹیک کی خدمات حاصل کرنے کے بجائے ’سیلف بلڈر رُول‘ کے تحت گھر کی تعمیر شروع کردیتے ہیں لیکن دونوں مرحلوں میں بجٹ کےلیے حساس نقطہ نظر رکھنا ہوگا، کیونکہ گھر کی تعمیر کے دوران کون کون سے نئے اخراجات سامنے آتے ہیں، اس کا اندازہ لگانا قدرے مشکل ہوتا ہے۔

آرکیٹیکٹ کے بتائے ہوئے بجٹ سے تقریباً 10فیصد زیادہ رقم ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آپ کے پاس لازمی ہونی چاہیے۔ تاہم اگر یہ اضافی بجٹ تعمیر کے بعد آپ کے پاس بچ جائے تو پھر اسے گھر کی فرنشنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

آرکیٹیکٹ / ڈیزائنر کا انتخاب

ایک پروفیشنل آرکیٹیکٹ / ڈیزائنر نہ صرف آپ کے خوابوں کو عملی تعبیر دے سکتا ہے بلکہ دوران تعمیرآپ کے لیے ذہنی سکون کا باعث بھی ہوتاہے۔ ایسے آرکیٹیکٹ / ڈیزائنر کا انتخاب کریں، جن کے پاس مکان کی تعمیر کا پہلے سے وسیع تجربہ ہو اور ان کے بنائے ہوئے مکانات میں لوگ مطمئن و مسرور ہوں۔ وسیع تجربے کی وجہ سے مٹیریل کے انتخاب میں بھی آرکیٹیکٹ کی سوجھ بوجھ بڑی مدد کرتی ہے۔

نقشہ سازی

تعمیر میں نقشہ سازی کی اہمیت کو سمجھنا بے حد ضروری ہے۔ چاہے آپ اپنے مکان کی تعمیر کے لیے کسی پیکج سپلائر (جو ایمانداری سے مکان ڈیزائن کرکے اسے تعمیر کرے) کا انتخاب کریں، کسی آرکیٹیکٹ کا یا پھر کسی ہاؤس ڈیزائنر کا، اس بات کا اطمینان کرلیں کہ منتخب کردہ فردآپ کی ضروریات اور بجٹ کا خیال کرتے ہوئےگھر کی تعمیر مکمل کرے گا۔ 

دوسری جانب دور جدید میں مکان کا ڈیزائن (نقشہ )کم سے کم پیچیدہ رکھنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ درحقیقت، گھر کا نقشہ جتنا غیر پیچیدہ ہو گا، اتنا ہی اس کا تعمیراتی عمل آسان ہو گا اوراس طرح غیر ضروری اخراجات سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

تعمیراتی مواد

آرکیٹیکٹ اور نقشہ سازی کے انتخاب کے بعد جو چیز سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے، وہ تعمیراتی مواد یا مٹیریل کا استعمال ہے۔ چاہے اس کا انتخاب آپ خود کریں یا آپ کا آرکیٹیکٹ، مواد کاسستا ہونا ہی نہیں بلکہ اس کا معیار اچھا ہونا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ 

تعمیراتی مواد اچھا ہوگا تو مستقبل میں آپ کو مکان کی مرمت پر پیسے لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور آپ کے پیسے کی بچت ہوگی۔ کہیں ایسا نہ ہوکہ ابھی تو آپ کچھ پیسے بچالیں مگر چند سال بعد چھتیں ٹپکنا شروع ہوجائیں اور پھر ان کی مرمت پر اضافی رقم خرچ کرنا پڑے۔

انسولیشن

آپ کا پلاٹ چاہے جس علاقے میں بھی ہو، تعمیر سے قبل اس میں انسولیشن کا خیال رکھنا بے حد اہم ہے۔ اس مقصد کی خاطرمکان کے مختلف حصوں مثلاً مکان کے بیرونی حصے اور چھت وغیرہ پرمختلف قسم کے واٹر پروف مٹیریل اور گرمی سے بچاؤ کے لیے مواد لگایا جاتا ہے تاکہ مکان کے اندر کا درجہ حرارت کنٹرول کیا جا سکے۔ 

چھت کے لیےواٹر پروفنگ مواد استعمال کیاجاتا ہے تاکہ نہ صرف گرمی کو روکا جاسکے بلکہ سارے مکان کو نمی اور بارش کے پانی کی وجہ سے سیلن سے بھی بچایا جا سکے۔

روشنی کا انتظام

مکان کی تعمیر میں کھڑکیوں اور اسکائی لائٹس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ ان کی موجودگی گھر میں ایک مختلف قسم کا احساس پیدا کرتی ہے۔ کھڑکیاں اور روشن دان مکان میں سورج کی روشنی، ہوا اور باہر کے نظارے کے ساتھ ایک خوشنما احساس پیدا کرتے ہیں۔ تاہم، کھڑکیوں کے لیے اعلیٰ معیار کے شیشوں کا انتخاب ضروری ہے۔

انرجی ایفیشنٹ

اگر آپ مکان کی تعمیر کے بعد پرسکون زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو دوران تعمیر توانائی کی بچت پر غور کریں۔ مکان کی تعمیر کے لیے توانائی کے ایسے متبادل کا انتخاب کریں، جو آپ کی جیب اور ماحول پر گراںنہ گزرے۔ اس مقصد کے لیےسولر ٹائل، سولر پینل، ایل ای ڈی لائٹس، انورٹر پنکھے اور سولر واٹر ہیٹر کا استعمال کیا جاتا ہے۔

اس سلسلے میں اگر آپ کا بجٹ اجازت دے توگرین ڈیزائن آرکیٹیکٹ ہائر کیے جاسکتے ہیں، یہ آرکیٹیکٹ ماحول دوست اور توانائی کی بچت والے آرکیٹیکچرل ڈیزائن تیار کرتے ہیں۔